ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی صد ر کا یروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی مذمت میں میسور میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاجی مظاہرہ

امریکی صد ر کا یروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی مذمت میں میسور میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاجی مظاہرہ

Thu, 14 Dec 2017 19:13:11    S.O. News Service

میسور،14؍دسمبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان اور امریکی سفارت خانہ کو قدیم شہر یروشلم میں منتقل کرنے کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی میسور کی جانب سے میلاد پارک ، اشوکا روڈ میں ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی میسور ضلعی صدر اعظم پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارت خانہ کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے اور یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا اسرائیل کے ناپاک منصوبے سے مشرقی وسطی میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگا۔ ایسے میں دنیا کے امن پسند لوگوں کو آگے آکر امریکہ اور اسرائیل کے اس ناپاک منصوبے کو ناکام کرنا چاہئے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ خطرناک کھیل رہے ہیں۔یروشلم امریکہ میں نہیں ہے اور نہ ہی یروشلم ٹرمپ کی جاگیر ہے جو اسرائیل کو پیش کررہے ہیں۔ امریکی صدر کا یہ اقدام فلسطینیوں سے سراسر ناانصافی ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے منافی ہے۔ ٹرمپ کا یہ خطرناک قدم جو وہ امن کے آڑ میں اٹھا رہے ہیں ان کے اس اقدام سے تباہ کن تبدیلیاں رونما ہونگیں۔ انہوں نے اس بات کی طر ف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری نے اسرائیل کا یروشلم شہر پر مکمل حاکمیت کو تسلیم نہیں کیا ہے جہاں پر مسلم، یہودی اور عیسائی مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں۔ امریکہ نے یروشلم کے کسی بھی حصے میں یہودی ریاست کی حاکمیت کے دعوے کی تائید نہیں کی تھی اور امریکہ اس بات پر زور دیتا رہا تھا کہ اس معاملے کو اسرائیلی ۔ فلسطینی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے اکثریتی ممبران اور بین الاقوامی ادارے مشرقی یروشلم میں اسرائیل کی ملکیت کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اور سن 1980اسرائیل کے اس یکطرفہ اعلان کو بھی نہیں مانتے جب اسرائیل نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرارد یا تھا۔ امریکی صدر کے اس اقدام سے بڑے تنازعات کا آغاز ہوگا جو عالمی امن کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ایس ڈی پی آئی ضلعی صدراعظم پاشاہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اعلان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ امریکہ، برطانیہ، اقوام متحدہ، فرانس کی مشترکہ سازش ہے۔ اسرائیل کو فلسطینیوں کے وطن میں غیر قانونی طور پر بسایا گیا تھا۔امریکہ اور پولینڈ کے ذریعے فراہم کئے گئے ہتھیاروں کے ذریعے اسرائیل نے ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے۔ اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ مشرقی یروشلم فلسطینیوں کا جائز دارالحکومت ہے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر دیوانور پتنن جیا،پاپولرفرنٹ ریاستی خازن فاروق الرحمن،میسور ضلعی نائب صدر آلور ملانہ،آل انڈیا امامس کونسل میسور ضلعی سکریٹری مولانا اکرم،مولانا مدثر،میسور ضلعی سکریٹری کوشن بیگ،میسور ضلعی ورکنگ کمیٹی اراکین متین بیگ،تبریز سیٹھ، چیتن سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان شریک رہے۔


Share: